AhnafMedia

مرکز اھلسنت والجماعت کا شعبہ تعلیمات

Rate this item
(5 votes)

 

 اہتمام کے بعد یہ شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ شعبہ چند ذیلی شعبہ جات پر منقسم ہے جن کی تفصیل درج ذیل ہے: 

تخصص فی التحقیق و الدعوة 

کوئی انہیں رائیگاں نہ سمجھے انہی سے رونق ہے گلستان کی 

یہ  غنچہ  ہائے  بدن  دریدہ  یہ  چاک  داماں  سے  لوگ  ساقی 

 مدارس دینیہ سے فارغ التحصیل علماءکرام میں تحقیقی ذوق بیدار کرنے اور ان کی دعوتی صلاحتیوں میں نکھار پیداکرنے کی خاطر مرکز اہل السنة والجماعة میں اپنی طرز کا منفرد تخصص بحمد اللہ تعالیٰ بڑی کامیابی سے گذشتہ چار سال سے جاری ہے۔ علماءکرام کو یک سالہ دورانیہ کے اس تخصص میں اسماءالرجال، اصول تفسیر، اصول حدیث، اصول فقہ، اصول مناظرہ، اصول تحقیق اور دیگر علوم و فنون کی تہہ تک غوطہ زنی کے قابل بنایا جاتا ہے۔ 

 میدان عمل کے فرسان، بحر تحقیق کے شناور، اخلاق نبوت سے متصف، صحابہ رضی اللہ عنہم کے روحانی فرزند اور فقہاءو سلف صالحین کی تابندہ تاریخ کے نقوش کی جھلک پیش کرتے اساتذہ اور طلبہ بفضل اللہ تعالیٰ احقاق حق اور ابطال باطل کے فریضہ کی بجا آوری میں شبانہ روز مصروف ہیں۔ مرکز اہل السنة کے ارباب بست و کشاد نے التخصص فی التحقیق و الدعوة کو جس نہج پر گامزن رکھا ہوا ہے اس کی مثال ڈھونڈے نہ ملے گی۔ 

ایں سعادت بزور بازو نیست 

تا نہ بخشد خدائے بخشندہ 

 التخصص فی التحقیق والدعوة کا آغاز ۱۴۲۷ھ میں ہوا اور اس سال پندرہ (۱۵ )فارغ التحصیل علماءکو داخلہ دیا گیا۔ ۱۴۲۸ھ میں تخصص کے طلبہ کی تعداد بیس(۲۰) تک جا پہنچی۔ ۱۴۲۹ھ میں اکتالیس(۴۱) علماءکرام التخصص فی التحقیق و الدعوة کی کلاس میں شریک ہوئے اور امسال ۱۴۳۰ھ میں الحمدللہ اکسٹھ (۶۱) فارغ التحصیل علماءکرام التخصص فی التحقیق والدعوة میں شریک ہیں۔ علماءکرام کی اتنی بڑی تعداد کی تخصص میں شرکت جہاں مرکز اھل السنة والجماعة کی عند اللہ مقبولیت پر دلالت کرتی ہے وہیں مرکز کی عند الصلحاءو اھل اللہ محبوبیت اور متکلم اسلام مولانا محمد الیاس گھمن دامت برکاتہم کی شبانہ روز انتھک محنت کا پتہ بھی دیتی ہے۔ 

سالانہ دورہ تفسیر القرآن الکریم

یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن

قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن

 اللہ تبارک و تعالیٰ نے جناب نبی اکرم  کو سب انبیاءعلیہم السلام کے آخر میں بھیجا اور ختم نبوت کا تاج آپ کے سر پر رکھا۔ آقا علیہ الصلوة و السلام کو آخری کتاب قرآن مجید عطا کی گئی اور قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے اس مقدس کتاب کو دستور العمل اورنظام حیات قرار دیا گیا۔ جناب نبی کریم  نے اپنے اقوال و افعال سے قرآن کریم کی تشریح و تفسیر کا فریضہ سر انجام دیا۔ 

 صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اس مبارک امانت کو آقا علیہ السلام سے لیا اور پوری دیانت اور ذمہ داری کے ساتھ آگے منتقل کر دیا۔ یہ سلسلة الذہب بحمداللہ آج تک قائم ہے اور تاقیامت پوری مضبوطی سے قائم رہے گا۔ جناب نبی کریم  کے سچے اور حقیقی ورثاءعلمائے اہل السنة والجماعة ہی قرآن کریم کی درست تشریحات و تعبیرات کے امین ہیں۔ قرآن کریم کی وہی تفسیر معتبر ہو گی جو جناب نبی کریم ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور سلف صالحین سے مروی ہوگی۔ 

 بحمد اللہ تعالیٰ مرکز اہل السنة والجماعة کے زیر اہتمام مدارس دینیہ کی سالانہ چھٹیوں میں چالیس روزہ دورہ تفسیر القرآن العظیم پڑھایا جاتا ہے۔ ربط آیات و سور ،شان نزول، مشکلات القرآن، صرفی، نحوی اور لغوی مباحث، رد فرق باطلہ، اصول مناظرہ اور اصول دعوت دورہ تفسیر کے چند اہم مباحث ہیں۔ دورہ تفسیر میں علماءاور مدارس دینیہ کے طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے۔ سکولز اور کالجز کے اساتذہ کرام بھی شرکت کے اہل ہیں جبکہ عوام الناس بطور سامع دورہ تفسیر میں شریک ہو سکتے ہیں۔ 

 دورہ تفسیر کے روح رواں تلمیذ خاص حضرت اوکاڑوی رحمہ اللہ، استاذ الحدیث و التفسیر حضرة مولانا منیر احمد منور دامت برکاتہم ہیں، علاوہ ازیں ملک بھر سے نامور علماءبھی وقتا فوقتا تشریف لاتے اور طلبہ کو نور علم سے منور فرماتے ہیں۔ دورہ تفسیر کے اختتام پر شرکاءکا باقاعدہ امتحان لیا جاتا ہے اور مرکز کی طرف سے سند جاری کی جاتی ہے ۔اختتامی تقریب میں اکابر علماءکرام تشریف لاتے ہیں اور طلبہ کی دستار بندی کرتے ہیں۔

مرکز اہل السنة والجماعة میں منعقد شدہ دورہ ہائے تفسیر کے شرکاءکی تعداد حسب ذیل ہے: 

 

سال شرکاء

1424ھ 105

1425ھ 135

1426ھ 106

1427ھ 097

1428ھ 120

1429ھ 108

1430ھ 105

 

میری مشاطگی کی کیا ضرورت حسن معانی کو

کہ فطرت خود بخود کرتی ہے لالہ کی حنا بندی

 

سالانہ صراط مستقیم کورس

لگا رہا ہوں مضامین نو کے پھر انبار

خبر کرو میرے خرمن کے خوشہ چینوں کو

 مرکز اہل السنة والجماعة کے زیر انتظام عصری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی دینی اور فکری تعلیم و تربیت کے لیے موسم گرما کی تعطیلات میں چالیس روزہ صراط مستقیم کورس کی ترتیب بنائی گئی ہے۔ طلبہ چالیس یوم تک شب و روز مسلسل مدرسہ کے بابرکت ماحول میں رہتے ہیں اور فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

من اخلص للہ اربعین یوما ظہرت ینابیع الحکمة من قلبہ علی لسانہ

(جس شخص نے اللہ تبارک و تعالیٰ کے لیے چالیس دن وقف کیے،

حکمت کے چشمے اس کے دل سے زبان کے رستے جاری ہو جاتے ہیں)

کا مصداق بنتے ہیں ۔

 دوران کورس طلبہ کو وہ مسائل سکھلائے جاتے ہیں جو روزہ مرہ کی زندگی میں پیش آتے ہیں۔ عقائد و نظریات کی درستگی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور قرآن کریم کی صحیح تلفظ کے ساتھ ادائیگی کے سکھلانے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ صراط مستقیم کورس میں سکولز اور کالجز کے طلبہ کے علاوہ عصری تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شرکت کرتے ہیں۔

 مرکز اہل السنة و الجماعة کے زیر اہتمام پہلا سالانہ صراط مستقیم کورس 2003ءمیں منعقد کیا گیا جس میں تینتیس (33)افراد نے شرکت کی۔ 2004ءمیں سرسٹھ(67)، 2005ء میں بانوے(92)، 2006ءمیں اکہتر (71) اور 2007ءمیں ستاسی (87)افراد کورس میں شریک ہوئے۔ 2008ءمیں صراط مستقیم کورس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا اور مرکز کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی مرکز اہل السنة والجماعة کے زیر انتظام یہ کورسز منعقد کیے گئے۔ سال 2008ءمیں مختلف شہروں اور قصبات میں ہونے والے ان کورسز میں چھ سو(600) سے زائد افراد نے شرکت کی۔ 2009ءمیں صراط مستقیم کورس کو مزید وسعت دی گئی اور ایک منظم طریقہ کار کے تحت ملک بھر میں مدارس کے علاوہ سکولز اور کالجز میں بھی کورس کا انعقاد کیا گیا۔

صراط مستقیم کورس کی وسعت اور اس کی عوام الناس میں مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ضلع فیصل آباد میں 2009 میں دو سو تیس 230 سے زیادہ مقامات پرصراط مستقیم کورس کا انعقاد ہوا۔اورصرف فیصل آباد پر ہی موقوف نہیں الحمدللہ کراچی تا پشاور اور کوئٹہ تا مانسہرہ مرکز اھل السنة والجماعة کی زیر نگرانی اور مقامی علماءکی مشاورت اور تعاون سے صراط مستقیم کورسز منعقد کیے گئے۔ الحمدللہ ان کورسز میں کثیر تعداد میں سکولز اور کالجز کے طلباءکے علاوہ زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ 

فللہ الحمد

 

 

ماہانہ تین روزہ دورہ تحقیق المسائل

مجھ کو ماحول کی ظلمت سے سروکار نہیں

کیا ستارے  میرے  احساس  کے  بیدار  نہیں

 عصر حاضر میں گمراہ ادارے اور بے دین فرقے باطل نظریات پھیلا کر نوجوان امت کے اذہان کو پراگندہ اور دین سے دور کرنے کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہیں۔ دین متین کی بنیادوں پر ضربیں لگانے کے لیے متفرق ذرائع و وسائل اور کئی طرح کی دھوکہ دہیوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔مذہب کا نام استعمال کر کے مذہب سے متنفر کرنے کی ناپاک سازشوں کے سدباب کے لیے مرکز اہل السنة و الجماعة کے زیر اہتمام تین روزہ دورہ تحقیق المسائل کا آغاز کیا گیا ہے۔

 ہر انگریزی مہینے کی پہلی جمعرات کو نماز مغرب سے تین روزہ دورہ کا آغاز ہوتا ہے اور اتوار کو قبل از ظہر اختتامی دعا کے ساتھ ہی دورہ تحقیق المسائل اختتام پذیر ہو جاتا ہے۔ اہل السنة و الجماعة کے متفقہ عقائد و نظریات اور مسائل  سےآگاہی تین روزہ دورہ تحقیق المسائل کا طرہ امتیاز ہے۔

 مرکز اہل السنة و لجماعة کے زیر اہتمام پہلا دورہ تحقیق المسائل دسمبر 2008ءمیں منعقد ہوا اور بحمد اللہ تاحال یہ سلسلہ بڑی کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے۔ 

تجوید وقراءت وتحفیظ القرآن الکریم

 اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ خود لیا ہے اور دارالاسباب میں اس کا انتظام یوں کیا کہ اوراق کے ساتھ ساتھ اس کتاب مقدس کو سینوں میں بھی محفوظ کر دیا ہے۔ تمام آسمانی کتابوں میں یہ اعزاز صرف قرآن کریم ہی کو حاصل ہے کہ ہر دور میں ہر علاقے، ہر خطے، ہر عمر اور ہر رنگ و نسل کے مسلمانوں کے قلوب میں یہ بابرکت کلام محفوظ رہا ہے۔ مدارس میں تحفیظ القرآن الکریم کا شعبہ اسی روشن اور سنہری سلسلے کی کڑی ہے۔

 مرکز اہل السنة و الجماعة کے شعبہ تحفیظ القرآن الکریم میں طلبہ کی تعداد پینتالیس سے زائد ہے۔ ایک مشاق، مجود قاری صاحب شب و روز طلبہ کے سینوں کو نور قرآنی سے منور کرنے میں مصروف ہیں۔ منزل کی پختگی، مخارج کی صحت، ادائیگی کی درستگی اور لہجہ کی عربیت کا خصوصی لحاظ رکھا جاتا ہے۔ طلبہ کی اخلاقی تربیت پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے، اصلاحی بیانات اور محافل ذکر میں طلبہ پابندی سے شریک ہوتے ہیں۔ بحمداللہ تعالیٰ مرکز اہل السنة و الجماعة کے طلبہ مثالی اخلاق و کردار کا نمونہ ہیں۔ 

اصلاح النساء

مرکز کے شعبہ اصلاح النساءکے تحت خواتین کی دینی و اخلاقی تربیت کا ادارہ قائم ہے۔ خواتین کی علمی و عملی تربیت کے ساتھ ساتھ گھریلو امور کی انجام دہی کا سلیقہ بھی سکھلایا جاتا ہے۔

٭٭٭٭

شعبہ کمپیوٹر

 آج کے تیز رو دور میں کمپیوٹر کا وجود انسانی زندگی کا ایک جزو بن کر رہ گیا ہے۔ یہ میڈیائی جنگ میں اہل حق کا مضبوط ہتھیار ہے۔ اسی وجہ سے علماءکرام کو عصر حاضر کے اس اہم تقاضے سے ہمکنار کرنے کے لیے اس کی تعلیم پر باضابطہ طور پر زور دیا جاتا ہے۔ یہ شعبہ تین ذیلی شعبوں پر تقسیم کیا گیا ہے۔

1:ٹریننگ

 علماءکو کمپیوٹر سے متعلقہ امور کی تربیت کے لیے یہ شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ شعبہ وسائل کی کمی کی وجہ سے صحیح معنوں میں فعال نہیں ہو سکا ۔ تاہم دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کافی حد تک اس پر کام جاری ہے۔ تخصص کے علماءکی تعداد بحمد اللہ ساٹھ60  سے زائد ہے اور ان کے لیے کافی بڑی کمپیوٹر لیب کی ضرورت ہے۔ 

2:کمپوزنگ

 کتابوں کی کمپوزنگ، ڈیزائننگ اوردیگر متعلقہ امور اس شعبہ کے تحت آتے ہیں۔

WEBSITES AND ONLINE ACTIVITIES .3

 علماءحق کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانے اور جدید وسائل کو استعمال کرتے ہوئے عوام کے عقائد کے تحفظ کی خاطر مرکز اہل السنة والجماعة نے اپنی کئی ویب سائٹس لانچ کی ہیں۔ ان ویب سائٹس پر دروس قرآن و حدیث، علماء کے اصلاحی و علمی بیانات، کتب  رسائل دستیاب ہیں۔

 مرکز کی ویب سائٹس کے ایڈریس درج ذیل ہیں۔ 

www.ahnafmedia.com 

www.alittehaad.org

www.islahunnisa.com 

 

 ویب سائٹ پر ہر ہفتہ مختلف موضوعات پر براہ راست بیان بھی ہوتا ہے جس میں ملک کے نامور علماء، محققین اوراسکالرز تشریف لاتے ہیں۔ بعد ازاں سوال و جواب کی نشست بھی ہوتی ہے۔ بذریعہ ای میل سوالات کے جوابات کا سلسلہ بھی بحمد اللہ موجود ہے اور کثیر تعداد میں لوگ اپنی الجھنیں دور کرتے ہیں۔ 

مرکز کا ای میل ایڈریس درج ذیل ہے:

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it. 

 

Read 7074 times

DARULIFTA

Visit: DARUL IFTA

Islahun Nisa

Visit: Islahun Nisa

Latest Items

Contact us

Markaz Ahlus Sunnah Wal Jama'h, 87 SB, Lahore Road, Sargodha.

  • Cell: +(92) 
You are here: Home Quran In Mp3 Markaz-e-Ahlesunnat مرکز اھلسنت والجماعت کا شعبہ تعلیمات

By: Cogent Devs - A Design & Development Company