AhnafMedia

Aman ki Aminaen, Molana Ilyas Ghuman about Muzaffar Garh Saniha

Rate this item
(74 votes)

امن کی آمنائیں

مولانا محمد الیاس گھمن مدظلہ

ایک خبر ملاحظہ ہو !

”مظفر گڑھجتوئی کے علاقے میں چند روز قبل زیادتی کا شکار ہونے والی طالبہ نے ملزمان کو بے گناہ قرار دیئے جانے پر خود کو آگ لگالی۔نادر اور اس کے 4 ساتھیوں نے 18 سالہ آمنہ کو چند روزقبل اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس پر طالبہ کے والدین نے تھانے میں ان کے خلاف رپورٹ درج کرائی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا تاہم بعد ازاں انہیں بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا گیا جس پر زیادتی کا شکار طالبہ دلبرداشتہ ہو کر آج تھانے کے باہر خود کو تیل چھڑک کر آگ لگالی، جھلسی ہوئی لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اسپتال حکام کے مطابق آمنہ کے جسم کا کافی حصہ پوری طرح جل چکا ہے جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب نے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے اس کی رپورٹ طلب کرلی اور انتظامیہ کو متاثرہ طالبہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔“ بالآخر آمنہ نے خود سوزی کر لی۔

معاشرے میں ایمان ، امن کے فقدان کے بعد اب آمنہ بھی ختم ہو رہی ہیں ۔ ایمان سے دوری کا نتیجہ یہ نکلا کہ امن سے ہاتھ دھو بیٹھے اور امن ختم ہونے کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب آمنہ ۔ آمنائیں بھی کھو بیٹھے ۔یاالہٰی !ہم کہاں جائیں ؟ ایمان کے لٹیرے بھیس بدل کر رہبر بنے ہوئے ہیں اور امن کے لٹیروں نے اپنا نام امن کے رکھوالے رکھ لیا ہے ۔ اور آج کی آمنہ پر ایسا ظلم ہے کہ الاماں الاماں ۔

معاشرتی برائیوں میں جنسی اور اخلاق باختہ ایسے جرائم جنم لے رہے ہیں کہ جنہیں سن کر سر شرم سے جھک جاتا ہے ۔بعض تعلیمی اداروں میں بنت حوا کے ساتھ مظالم کی خونچکاں داستانیں سننے اور دیکھنے میں آرہی ہیں ۔کئی آمنائیں ہیں جو ظلم و جبر کی چکی میں مسلسل پس رہی ہیں ۔ غنڈوں ، وڈیروں ، عیاش جاگیرداروں اور بدقماشوں کی شیطنت نے ان کی عزت کو تاراج کر دیا ہے اور جب یہ امن کی بھیک مانگنے کے لیے امن کے ٹھیکداروں کے سامنے ہاتھ پھیلاتی ہیں تو امن ان کے لیے سراب نما شکل اختیار کر لیتا ہے ۔ بالآخر بعض آمنائیں تو حالات سے سمجھوتہ کر لیتی ہیں اور بعض آمنائیں خود کشی اور خود سوزی کر لیتی ہیں ۔ہمارے حکمرانوں کے امن سے تو حجاج کا ظلم اچھا تھا ۔ جب ایک مظلوم و لاچار بیٹی نے سرد آہ لے کر اس سے فریاد رسی کی تو اس نے دیبل تک اور دیبل سے ملتان تک اپنی فوجیں اتار دیں بالآخر اس بہن کو انصاف اورامن مہیا کیا ۔

یہاں ہر روز کئی آمنائیں اس طرح کے مظالم کی بھینٹ چڑھ گئی ہیں ، یہاں ہر روز کئی آمنائیں روح سوزی کے جھٹکے برداشت کرتی ہیں ، یہاں ہر روز کئی آمنائیں اپنے جسم نہ سہی لیکن اپنی زندگی بھر کی خوشیوں کو آگ لگا لیتی ہیں ، یہاں ہرروز کئی آمنائیں اپنے مستقبل کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مایوسی کے ایندھن میں جھونک دیتی ہیں ۔ کئی آمنائیں ہیں جو روز جیتی ہیں اور روز مرتی ہیں ۔

اے کاش !وہ دن ہم بھی دیکھ لیں جب وطن عزیز میں میری آمنہ کو خوشیاں ملیں ، جب میری آمنہ اپنی گڑیوں سے کھیلے ، جب میری آمنہ کے دل سے خوف دور ہوسکے ۔جب میری آمنہ غنڈوں کی در اندازی سے بچ جائے ، جب میری آمنہ وڈیروں ،عیاش جاگیرداروں اور نوابوں  کے ستم اور مظالم سے آزاد ہوجائے ۔ کب میری آمنہ خود سوزی چھوڑے گی ، کب میری آمنہ خوشیوں کی مالا پہنے گی ؟ کب میری آمنہ  کا ایمان بچے گا اور کب میری آمنہ کو امن ملے گا ؟

 

Read 11404 times

DARULIFTA

Visit: DARUL IFTA

Islahun Nisa

Visit: Islahun Nisa

Latest Items

Contact us

Markaz Ahlus Sunnah Wal Jama'h, 87 SB, Lahore Road, Sargodha.

  • Cell: +(92) 
You are here: Home Islamic Articles (Urdu) Aman ki Aminaen, Molana Ilyas Ghuman about Muzaffar Garh Saniha

By: Cogent Devs - A Design & Development Company